بھٹکل:3/اکتوبر(ایس او نیوز) انسانی پیدائش، زبان ، رسم ورواج، تہذیب کی بنیاد پر کسی میں کوئی فرق نہیں ہے ، ہم سب ایک ہی ماں باپ کی اولاد ہیں، جو اپنے خالق کا سب سے زیادہ خوف رکھتا ہے ، وہی سب سے اعلیٰ ہے، یہ بات شمس انگلش میڈیم ہائی اسکول کے صدر مدرس محمد رضامانوی نے کہی۔
وہ یہاں جماعت اسلامی ہند بھٹکل شاخ کی طرف سے امن وانسانیت مہم کے تحت تعلقہ کے چتراپور کے باکڑ کیری مضاف میں منعقد ہ پروگرام میں مظلوم طبقات کے متعلق خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہاکہ دلت اور اقلیتیں صدیوں سے ظلم کا شکار ہیں، دبے کچلے ہیں،ان دونوں طبقات کو ملک کے ہر مقام پر تعلیم، روزگار، غذا، رہائش کے مسائل کا سامنا ہے، ان حالات میں ہمارے لئے ضروری بن جاتاہے کہ اپنے حقوق کوپانے کے لئے متحدہ کوشش کرنے کی بات کہی۔ رضامانوی نے بتایا کہ بحیثیت انسان ہم تمام انسانوں سے پیار ومحبت کرنے اور ایک دوسرے کو عزت دیناسیکھیں۔ سازشوں کا شکار نہ ہوں، بلکہ حالات کا صحیح تجزیہ کرتے ہوئے حقائق تک پہنچیں۔ کیونکہ ہم سب آج سیاسی سازشوں کا شکار ہورہے ہیں، جو لوگ ہمیں خوردونوشت ، لباس، تہذیب کے نام پر تقسیم کرنے ، ہم میں بے اعتمادی پیدا کرنے، شکوک وشہبات کو پیدا کرنے کی مسلسل کوششیں ہورہی ہیں، ہم ان پر توجہ دئیے بغیر اپنے اختلافات کو بھول کر ملک کی تعمیر کی طرف توجہ دینے کی اپیل کی۔ گنیش اتسوا کمیٹی کے صدر اشوک باکڑ نے صدارت کی ۔ باباصاحب امبیڈکر یوتھ سنگھ کے صدر مادیو باکڑ نے استقبال کرتے ہوئے افتتاحی کلمات پیش کئے۔ جماعت اسلامی ہند بھٹکل کے امیر مقامی مجاہد مصطفیٰ نے شکریہ اداکیا۔ اس موقع پر مہم کے کنونیر محمد یونس رکن الدین، سید اشرف برماور، مولانا سید زبیر ، مولانا ضیاء الرحمن ندوی وغیرہ ڈائس پر موجود تھے۔